لاہور(خبرنگار)اکابرین تنظیماتِ اہلِ سنت پاکستان نے کہا ہے کہ سانحہ مریدکے پر سب کے دل چھلنی، حکومت جوڈیشل کمیشن قائم کرے، یک طرفہ اور جھوٹے بیانیے کے ذریعے مذہبی طبقات کو بدنام کرنے کی کوشش، مساجد، مدارس کیخلاف کارروائیاں بند کی جائیں۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی طرف سے کی گئی پریس کانفرنس پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ پریس کانفرنس حقائق کو مسخ کرنے،عوام کو گمراہ کرنے اور اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کی ایک ناکام کوشش تھی، سابق وفاقی وزیر سید حامد سعید کاظمی،سابق وفاقی وزیر و سنی سپریم کونسل کے چیئرمین پیر محمد امین الحسنات شاہ، جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ و سابق ایم این اے ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر الوری، مرکزی جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی امیر صاحبزادہ پیر میاں عبدالخالق القادری، تنظیمات اہلسنت پاکستان کے کوآرڈینیٹر پیر زادہ محمد امین قادری، پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، سنی اتحاد کونسل کے وائس چیئرمین صاحبزادہ حسن رضا۔ سنی تحریک کے سربراہ انجینئر ثروت اعجاز قادری، سابق ایم این اے صاحبزادہ میاں جلیل احمد شرقپوری و دیگر نے کہا کہ حقائق شفاف انداز میں قوم کے سامنے لائے جائیں۔