اسلام آباد (قاسم عباسی) پنجاب میں غیر قانونی سروگیٹ بیٹنگ اشتہارات کے خلاف کریک ڈاؤن، پنجاب حکومت نے حکام کو تمام ایسے پروموشنل مواد کو عوامی مقامات سے ہٹا دینے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت، جس کی قیادت وزیر اعلیٰ مریم نواز کر رہی ہیں، نے غیر قانونی سروگیٹ بیٹنگ کمپنیوں کے اشتہارات کے خلاف پورے صوبے میں کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے اور حکام کو ہدایت کی ہے کہ تمام ایسے پروموشنل مواد کو عوامی مقامات سے ہٹا دیا جائے۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے خصوصی طور پر دی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی غیر قانونی اشتہار کے معاملے میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ حکومت نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام سروگیٹ بیٹنگ کے اشتہارات کو بل بورڈز، دیواروں، اور دیگر عوامی مقامات سے ہٹا دیں۔ بخاری نے کہا کہ یہ مہم صوبائی دارالحکومت میں پہلے ہی مؤثر ثابت ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں تمام سروگیٹ بیٹنگ کے اشتہارات انتظامیہ کی فوری کارروائی کے نتیجے میں کامیابی کے ساتھ ہٹا دیے گئے ہیں۔ دیگر بڑے شہروں سے ایسے اشتہارات کو مکمل طور پر ہٹانے میں کم از کم دو دن مزید لگیں گے۔ تازہ ترین کریک ڈاؤن ایسے رپورٹس کے بعد آیا ہے جن میں بتایا گیا تھا کہ ایک سروگیٹ بیٹنگ کمپنی، جو ایک سابق قومی کرکٹ کپتان سے وابستہ ہے، نے بڑے پیمانے پر پروموشنل مہم چلائی تھی۔ کمپنی کے اشتہارات، جو بڑے شہروں میں بل بورڈز اور دیواروں پر دیکھے گئے، خاص طور پر کافی شاپس، ہوسٹلز، اور یونیورسٹیوں جیسے ایسے علاقوں کو ہدف بنا رہے تھے جہاں طلبہ اور نوجوان زیادہ حاضر ہوتے ہیں۔