اسلام آباد (رپورٹ ؛حنیف خالد)قومی احتساب بیورو (نیب) نے ’’ال حیات گروپ آف کمپنیز‘‘ کے نام پر چلائی جانیوالی 18کروڑ 50لاکھ روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ اور فراڈ اسکیم بے نقاب کر دی۔ ۔نیب کے مطابق گروپ عام شہریوں سے منافع اور سرمایہ کاری کے نام پر بھاری رقوم جمع کر رہا تھا ، متاثرین کی شکایات کی تعداد 1226 تک پہنچ چکی ، دریں اثنا الحیات گروپ آف کمپنیز کے مالکان کے قریبی ذرائع نے ان تمام الزامات کو لغو قرار دیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بے بنیاد باتیں ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں ، جھوٹ اور سچ عدالت میں ثابت ہو جائے گا ۔ نیب کے مطابق مرکزی ملزم جہانزیب عالم کارروائی سے قبل اہل خانہ سمیت روپوش ہو گیا، جب کہ شریک ملزم محمد عمران کو گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ۔ تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ ملزمان نے غیر قانونی طور پر حاصل شدہ رقوم سے اسلام آباد، راولپنڈی اور کراچی میں متعدد قیمتی جائیدادیں خریدیں۔ نیب نے ان جائیدادوں پر نوٹس آویزاں کر دیے ہیں اور منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت احتساب عدالت اسلام آباد میں ریفرنس دائر کر دیا ہے۔نیب حکام کے مطابق تحقیقات شفاف طریقے سے جاری ہیں اور متاثرین کی رقوم کی واگزاری کے لیے تمام قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔