اسلام آباد (صالح ظافر) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاک جاپان تعلقات آنے والے برسوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان کے جاپان کے ساتھ تعلقات کو بہت سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ آنے والے سالوں میں یہ مزید مضبوطی حاصل کریں گے۔ انہوں نے جمعرات کی شام میریٹ ہوٹل میں جاپان سیلف ڈیفنس فورسز ڈے کی 71 ویں سالگرہ کی یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، دوسری جنگ عظیم کی تباہی کے بعد جاپان کی حیرت انگیز ترقی کو یاد کیا۔ پاکستان اور جاپان نے ہر فورم پر مشکل وقتوں میں ایک دوسرے کی مدد کی ہے۔ خواجہ آصف نے جاپانی قوم کو پہلی خاتون وزیر اعظم منتخب کرنے پر مبارکباد دی اور ان کی عظیم کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔