لاہور (اپنے نامہ نگار سے) چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز عامر ضیاء نے کہا ہے کہ ایسے اہلکار لیسکو کا فخر ہیں جو اپنی جانفشانی سے قومی املاک کے تحفظ کو یقینی بنا رہے ہیں۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز عامر ضیاء اور چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے پنواں سب ڈویژن کی ٹیم کو ٹرانسفارمر چوری کی واردات ناکام بنانے اور چوری شدہ ٹرانسفارمر بازیاب کروانے پر نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا۔ تقریب لیسکو ہیڈکوارٹر لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں تمام سرکلز کے سپرنٹنڈنٹ انجینئرز (SEs) اور فنکشنل ہیڈز نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایس ای ننکانہ سرکل احمد نواز، ایکسین ماناوالہ ڈویژن رضوان قریشی، ایس ڈی او پنواں سب ڈویژن میاں کاشف، ایل ایس-1 محمود، شہزاد نواز، آصف رشید، ساقب رشید اور ڈرائیور صفدر نعیم کو ان کی جرات، فرض شناسی اور بہترین کارکردگی کے اعتراف میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات پیش کیے گئے۔