• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شبر زیدی کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں مقدمہ درج

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے نے سابق چیئر مین ایف بی آرپر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا تفصیلات کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے اینٹی کرپشن سرکل نےسابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، جس میں ان پر بطور چیئرمین ایف بی آر اپنے اختیارات سے تجاوز کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔مقدمے کے متن کے مطابق، شبر زیدی نے بطور چیئرمین ایف بی آر 16 ارب روپے غیر مجاز طور پر جاری کیے۔ یہ رقم مختلف بینکوں اور کمپنیوں کو ادا کی گئی، جبکہ ان کمپنیوں کا شمار شبر زیدی کے ذاتی کلائنٹس میں ہوتا تھا۔شبر زیدی 10 مئی 2019 سے 6 جنوری 2020 تک چیئرمین ایف بی آر کے عہدے پر فائز رہے ہیں ، مقدمے میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے دیگر سرکاری افسران کے ساتھ مل کر اپنے سرکاری عہدے کا غلط استعمال کیا۔ شبر زیدی نے غیر مجاز طریقے سے مخصوص کمپنیوں کو ریفنڈز جاری کیے، جو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ایف آئی اے نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے، جس کی سربراہی اسسٹنٹ ڈائریکٹر نند لال کریں گے۔
اہم خبریں سے مزید