کراچی ( نیوز ڈیسک)ایشیائی رہنماؤں کی نئی حکمتِ عملی،ٹرمپ کی خوشامد کرواورفوائد سمیٹو، وزیرِاعظم ملائیشیا نے ٹرمپ کی جرأت واستقامت کو سراہا، جاپانی وزیرِاعظم نے نوبیل انعام کی سفارش کردی۔چینی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ ٹرمپ اور شی جن پنگ عالمی سطح کے رہنماہیں۔جاپان، کوریا اور ملائیشیا معاہدوں میں کامیاب ہوگئے۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ ایشیائی دورے میں مقامی رہنماؤں نے انہیں خوش کرنے کے لیے غیر معمولی تعریفوں اور عقیدت کے مظاہرے کیے۔ ٹرمپ جو اپنی خود اعتمادی اور دبنگ انداز کے لیے مشہور ہیں کو پانچ روزہ دورے کے دوران ملائیشیا، جاپان اور جنوبی کوریا میں تحائف، القابات اور تعریفوں سے نوازا گیا۔ملائیشیا کے وزیرِاعظم انور ابراہیم نے ٹرمپ کی "جرأت" اور "استقامت" کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی ممکن بنا کر ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ جاپان کی وزیرِاعظم تاکائچی نے انہیں امن کے لیے نوبیل انعام کے لیے نامزد کرنے کی سفارش کی، جبکہ جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے انہیں قدیم سیلا سلطنت کے سنہری تاج کا نمونہ اور ملک کا اعلیٰ ترین اعزاز "گرینڈ آرڈر آف موگن ہُوا" پیش کیا۔