کراچی (اسٹاف رپورٹر ) اورنگی ٹاؤن میں موٹرسائیکل سوارملزمان نےپیچھے سے گولیاں مار کر 2 بچوں کے باپ کو قتل کردیا،تفصیلات کے مطابق اقبال مارکیٹ تھانے کی حدوداورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ منصور نگر آمنہ مسجد کے قریب جمعرات کی شب موٹرسائیکل سوار ملزمان نے اندھا دھند گولیاں مار کر ایک شخص کوہلاک کردیا اورموقع سے فرارہوگئے،واقعے کے بعد علاقے میں خوف وہراس اوربھگڈرمچ گئی،اطلاع ملنے پرپولیس موقع پرپہنچی اور موقع معائنہ کے بعد لاش ضابطے کی کارروائی کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کی ،جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 4 خول اپنی تحویل میں لے کر فرانزک کے لئے بھجوادئے ہیں ، ایس ایچ او تھانہ اقبال مارکیٹ شہباز یوسف کے مطابق مقتول کی شناخت 35 سالہ عادل ولد گل حسن کے نام سے ہوئی،جسے جسم کے نچلے حصے پر تین گولیاں لگی جو جان لیواثابت ہوئی،ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مقتول واقعے سے کچھ دیر قبل اپنے گھر جو کہ منصور نگر میں واقع ہے سے آیا تھااور مذکورہ مقام پر کھڑا تھاکہ عقب سے ملزمان آئے اور اس پر اندھادھند فائرنگ کرکے موٹرسائیکل پرفرارہوگئے، فوری طور پر قتل کے واقعے کی وجوہات سامنے نہیں آسکی، مقتول کا تعلق فقہ جعفریہ تھا،یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے یا فرقہ وارانہ ٹارگٹ کا ،تاہم پولیس واقعے کی مختلف پہلووں پر تفتیش کررہی ہے ، پولیس نے مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لواحقین کے حوالے کردی،مقتول شادی شدہ اور 2بچوں کا باپ تھا ۔