• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیڈو اور انجینئرنگ یونیورسٹی کے درمیان اسٹریٹجک ایم او یو پر دستخط

پشاور (خصوصی نامہ نگار) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاوراورپختونخوا انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو) نے قابل تجدید توانائی کی تحقیق، ٹیکنالوجی کی ترقی اور صلاحیت سازی میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے جس کابنیادی مقصد تعلیمی اور تحقیقی مقاصد کے لئے متعلقہ پراجیکٹ ڈیٹا، سائٹ کے دورے اور آلات تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔ سیکرٹری توانائی و برقیات محمد زبیر خان اور وائس چانسلر یو ای ٹی پشاورپروفیسر ڈاکٹر صادق خٹک نے سی ای او پیڈو سید حبیب اللہ شاہ اور دونوں اداروں کے سینئر حکام کی موجودگی میں ایم او یو پر دستخط کئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری توانائی و برقیات محمدزبیر خان نے سماجی و اقتصادی ترقی میں تعلیمی اداروں کے کلیدی کردار پر زور دیا اور تعلیمی وصنعتی روابط کے ذریعے موجودہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میںانجینئرنگ یونیورسٹی کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے توانائی شعبے میں فعال کردار کے لئے سنٹر فار ایڈوانسڈ اسٹڈیز ان انرجی کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ یہ شراکت پیڈو کے پاور پراجیکٹس میں تکنیکی رکاؤٹوں کو دور کرنے میں مدد دے گی۔ شراکت داری کو عملی نفاذ کے ساتھ تعلیمی اہمیت کو بڑھانے کے لئے ڈیزائن کیا گیا اور یونیورسٹی کی تحقیق کو قابل تجدید منصوبوں میں تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے چھوٹے اور بڑے پیمانے پر قابل تجدید تنصیبات کے لئے پراجیکٹ کی تیاری اور کمرشلائزیشن کی صلاحیت کو بہتر بنانے کی بھی توقع ہے جس سے توانائی تک رسائی میں تیزی آئے گی، مقامی صنعت کی شرکت کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
پشاور سے مزید