کراچی (اسد ابن حسن) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے 7گرفتار افسران نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔ جبکہ ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی سید خرم علی نے ادارے کے سات گرفتار افسران کے استعفے وزارت داخلہ کو روانہ کر دیئے ہیں اور ان کی منظوری چند یوم میں متوقع ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق جب اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے آٹھ افسران کے خلاف کرپشن کا مقدمہ درج کیا اور ان میں سے سات کو گرفتار بھی کر لیا۔ گرفتار افسران میں ایڈیشنل ڈائریکٹر سرفراز چودہری، ڈپٹی ڈائریکٹر زوار احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز مجتبی ظفر، شعیب ریاض اور محمد عثمان اور سب انسپیکٹرز یاسر رمضان اور علی رضا شامل تھے۔ جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز خان کو مفرور قرار دیا۔