اسلام آباد ( طاہر خلیل )قائمقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے بیکن ہاؤس اسکول سسٹم کی پچاسویں سالگرہ تقریبات میں شرکت کی، اسکول آف ٹومارو (SOT) کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ AIڈیجیٹل لرننگ و عالمی تغیرات نے تعلیمی تقاضے بدل دیئے ،تعلیم قومی ترقی کی دھڑکن ہے اور آج وہ دھڑکن پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور توانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1975ء میں صرف 19 طلبہ سے شروع ہونے والا سفر آج چھ ممالک میں تقریباً 3 لاکھ 97 ہزار طلبہ تک جا پہنچا ہے، جو نہ صرف ایک ادارے بلکہ پاکستان کی تعلیم اور ترقی کی ایک شاہکار داستان ہے۔ قائمقام صدر نے بیکن ہاؤس کی بانی اور چیئرپرسن مسز نسرین محمود قصوری کی تعلیم دوست خدمات اور وژن کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کے تعلیمی منظرنامے میں انقلاب برپا کیا ہے۔