کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک “ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے آغا رفیع اللہ نے کہا کہ یہ ممکن نہیں ہے کہ ستائیسویں آئینی ترمیم کے ذریعہ صوبوں کو کمزور کیا جائے ۔ ستائیسویں آئینی ترمیم میں صوبوں کے اختیارات رول بیک نہیں ہونے دیں گے ۔اس پر وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ یہ بالکل واضح ہونا چاہیے کہ اٹھارہویں ترمیم کو رول بیک نہیں کیا جائے گا ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے یقین دلایا کہ ستائیسویں آئینی ترمیم سے صوبوں کے اختیارات رول بیک نہیں ہوں گے اور ستائیسویں آئینی ترمیم نومبر میں ہی منظور ہوجائے گی۔ تحریک انصاف کے شہرام ترکئی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اٹھارہویں ترمیم پر کریڈیٹ لیتی ہے اگر اپنے موقف سے پیچھے ہٹے گی تو ان کا سیاسی نقصان ہوگا۔ جبکہ میزبان حامد میر نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ستائیسویں آئینی ترمیم منظور کروانے کے لیے جلدی میں لگتی ہے۔