اسلام آباد(نمائندہ جنگ /ایجنسیاں)وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بلیو اکانومی ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے،حکومت پالیسی کے تسلسل، سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار بحری ترقی کے لیے پرعزم ہے تاکہ اس شعبے کو سال 2047 تک 100 ارب ڈالر کی معیشت میں تبدیل کیا جا سکے‘ پاکستانی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، تجارت اور معیشت کے استحکام کے لیے دوست ممالک کا تعاون حاصل ہے ۔انہوں نے یہ بات پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے بطور مہمانِ خصوصی ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیرِ خزانہ نے کہا کہ سمندری معیشت پاکستان کے لیے ترقی کے نئے دروازے کھول سکتی ہے۔گزشتہ ڈھائی برسوں میں پاکستان نے معیشت کے استحکام کی سمت نمایاں پیش رفت کی ہے۔