راولپنڈی (اے پی پی)سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ۔ منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق یکم نومبرکی رات کوسکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا ،جہاں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے موثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا گھیراؤ کیا اورفتنہ الہندوستان کے 4دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ، مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جو دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے۔