• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کلچر فیسٹیول، اوپیرا موسیقی کا جادو چل گیا، رومانیہ کی اسٹار جورجیانا نے محفل لوٹ لی

کراچی ( رپورٹ/ اخترعلی اختر) ورلڈ کلچرفیسٹیول ،اوپیرا موسیقی کا جادو،رومانیہ کی اوپیرا اسٹار ،جورجیانا کوستیا نے محفل لوٹ لی۔ رومانیہ کےسفیر ڈاکٹر ڈین اسٹوئنیسکو نے خصوصی شرکت کی، رومانس اور مزاح سے بھرپور تھیٹر ”فلرٹس“ کو پسند کیا گیا ۔فلسطین سے متعلق ناروے کی فلم"Between Two Worlds" نے سب کو غم زدہ کردیا۔ فیسٹیول 7 دسمبر تک جاری رہے گا۔جیو اور جنگ میڈیا پارٹنرز ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی آرٹس کونسل کے ”ورلڈ کلچر فیسٹیول “ کے پانچوں روز رومانس اور مزاح سے بھرپور تھیٹر ”فلرٹس“ اور اوپیرا موسیقی نے دھوم مچادی۔فیسٹیول میں مختصر فلمیں بھی دکھائی گئیں، جن میں فلسطین میں ہونے والے مظالم پر Between tow worlds بھی شامل تھی، فیسٹیول کا آغاز ”Nordic Europe Spotlight “ فلم اسکریننگ سے کیا گیا، جس میں 3 ممالک ناروے، پولینڈ اور ایران کی جانب سے ڈاکیومنٹری اور مختصر فلمیں پیش کی گئیں، ایران کی حمیدہ جوادی نے ایک تجرباتی دستاویزی فلم ”Pattern“ پیش کی، جو نسوانیت، مذہبی رسومات اور سماجی اصولوں کے باہمی تعلقات کو تلاش کرتی ہے۔ دوسری فلم "Between Two Worlds" فلسطین میں ہونے والے مظالم پرتھی جوکہ (Iyad rok Art Production Aburok) ناروے کی جانب سے عربی ، انگریزی اور نارویجن زبان میں پیش کی گئی ۔فلم میں دکھایا گیا کہ ناروے میں ایک 70 سالہ فلسطینی شخص اپنی نئی زندگی کے سکون اور غزہ کے زخموں کے درد کے درمیان جیتا ہے۔ جب وہ ایک فلسطینی فلم ساز سے ملتا ہے، تو فلم میں ان کی کہانیاں اور یادیں ایک دوسرے میں گھل مل جاتی ہیں، "Between Two Worlds" جلاوطنی، استقامت اور یاد رکھنے کی ضرورت کو بیان کرتی دکھائی دی، جبکہ پولینڈ کی جانب سے Mariusz Front نے تجرباتی فیچر فلم ”ڈبل پورٹریٹ“ پیش کی ۔فلم دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ آڈیٹوریم I میں ہونے والے اوپیرا میوزک میں رومانیہ کی گلوکارہ جورجیانا کوستیا گُلوگا نے اپنی شاندار پرفارمنس سے حاضرین کے دل جیت لیے، جبکہ شائقین نے تالیاں بجا کر گلوکارہ کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔ جورجیانا کوستیا گلوگا نے اوپرا موسیقی کے نو مختلف ٹکڑوں میں گا کر حاضرین کو جھومنے پر مجبور کر دیا، جورجیانا پیانو اور کلاسیکی گائیکی بھی سکھاتی ہیں۔ اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ میں کراچی والوں کا شکر گزار ہوں کہ وہ روزانہ آرٹس کونسل فیسٹیول کی رونق بڑھانے آتے ہیں، رومانیہ قونصل خانے کے عہدےداران کو خوش آمدید کہتا ہوں، پوری دنیا سے فنکار آپ سب کے لیے پرفارم کرنے آئے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید