• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کلچر فیسٹیول میں تھیٹر، فلموں اور رقص کا راج

کراچی (رپورٹ/ اخترعلی اختر) ورلڈ کلچر فیسٹیول میں تھیٹر، فلموں اور رقص کا راج رہا۔ فرانسیسی سرکس تھیٹر نے قہقہوں کا طوفان برپا کر دیا۔فرانس کے شہرت یافتہ فنکاروں نے حیرت انگیز پرفارمنس سےحاضرین کے دل جیت لئے۔ انگلینڈ کے فنکاروں نے استاد نصرت فتح علی کی موسیقی کو شاندار انداز میں پیش کیا۔عالمی ثقافتی میلے میں ورکشاپ، ٹاکس شوز اور فلمیں پیش کی گئی ۔تفصیلات کے مطابق آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا”ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025“ کے چھٹے روز بھی تھیٹر،فلموں اور رقص کا راج رہا۔تین تربیتی ورکشاپ، دوٹاکس شوز، پانچ فلموں کی اسکریننگ اور فرانسیسی تھیٹر پلے ”Boucan“ پیش کیا گیا جبکہ تربیتی ورکشاپ میں شریک طلباءنے رنگوں، روشنیوں اور تخلیقی اظہار کے مختلف طریقوں پر عملی تربیت حاصل کی، ڈومی فاریسٹ نے رنگوں کو برش کے ذریعے کینوس پر منتقل کرنے کے نت نئے انداز روشناس کرایا ، اس موقع پر مصورہ ڈومی فاریسٹ نے کہاکہ مجھے یہاں آکر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے، آرٹ صرف ایک اظہار ہی نہیں، بلکہ ذہنی سکون اور مثبت سوچ کو فروغ دینے کا ذریعہ بھی ہے۔ ۔ ارجنٹینا کے Adrian Bojko نے فائن آرٹ سے متعلق منعقدہ ورکشاپ میں طلباءکو مصوری کے گُر سکھائے، جبکہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے صدر محمد احمد شاہ نے ڈومینیکا فاریسٹ، Adrian Bojko، نتالیہ اور Yaz کو سندھ کی ثقافتی اجرک تحفہ میں پیش کی۔ میوزک ورکشاپ میں رومانیہ کی سنگر جارجیا نے پرفارمنس ورکشاپ میں طلباءکو اوپیرا موسیقی کے گُر بتائے، ورکشاپ میں پاکستان میں رومانیہ کے سفیر Dan Stoenescu اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ سمیت قونصل خانے کے عہدیداران نے بھی شرکت ۔ آخر میں Cirz BizʼArtکی جانب سے فرانسیسی سرکس اور مزاح سے بھرپور تھیٹر پلے ”Boucan“ پیش کیا گیا،جس کے تھیٹر ڈائریکٹرز Laurie Roger , Jonah Katz, Remy Bombled تھے، فرانسیسی فنکاروں نے سرکس کو اداکاری میں شامل کرتے ہوئے زبردست پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، بیٹ باکسنگ کے ذریعے موسیقی کی مختلف دھنیں بناتے ہوئے تیار کی گئی پرفارمنس نے شرکاءکے دل جیت لئے۔ مزاح،موسیقی اور دلچسپ اداکاری پر مبنی پرفارمنس کو شائقین کی جانب سے خوب سراہا گیا۔
اہم خبریں سے مزید