اسلام آباد (عاصم جاوید) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے سابق چیف ایگزیکٹو افسر پی آئی اے مشرف رسول کے محمد وقاص کیساتھ لین دین کے تنازع میں لاہور اور بہاولپور سے خاتون اور بچیوں کی گرفتاری کے معاملے میں پولیس انوسٹی گیشن رپورٹ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ پولیس کا کردار باعث شرم ہے، آپ لوگوں کو شرم بھی نہیں آئی کس بے ایمانی سے آپ نے تفتیش کی، کیا ایسی ہوتی ہے تفتیش؟ آپ لوگوں کو شرم سے ڈوب مرنا چاہئے، کیا مدعی مقدمہ مشرف رسول کا بیان لکھا؟ ایک لفظ نہیں پتہ، فائل نہیں پڑھی اور منہ اٹھا کر آ گئے۔