• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کی بڑی پیش رفت، غیر مجاز و غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تشہیر

اسلام آباد ( ایوب ناصر ، خصوصی نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) اسلام آباد / راولپنڈی میں بدھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں غیر مجاز و غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تشہیر، نیب کی بڑی پیش رفت ، رکاوٹ ڈالنے کے لیے لائسنسنگ اتھارٹی کے قیام پر غور،آن لائن تشہیر کے لیے باقاعدہ ریگولیٹری نظام وضع کرنے پر مشاورت ،معروف رئیل اسٹیٹ مارکیٹنگ کمپنیوں اور دیگر متعدد ایجنسیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تشہیر، عوام کو گمراہ کرنے والے اشتہارات اور رئیل اسٹیٹ کے غیر منظم شعبے سے متعلق مسائل کا جائزہ لینا تھا۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ متعدد ہاؤسنگ سوسائٹیز اپنی تشہیر میں یہ تاثر دیتی ہیں کہ ان کے منصوبے اسلام آباد یا وفاقی دارالحکومت میں واقع ہیں، جبکہ حقیقت میں وہ انتہائی دور دراز علاقوں میں قائم ہیں۔ اسی طرح بعض سوسائٹیز اپنی ویب سائٹس اور پروموشنل مواد میں غیر منظور شدہ یا مبالغہ آمیز نقشے اور لے آؤٹ پلان شائع کرتی ہیں، جس سے عوام کو ان کے اصل مقام اور قانونی حیثیت کے بارے میں گمراہ کیا جاتا ہے۔ تمام بڑی رئیل اسٹیٹ مارکیٹنگ کمپنیوں نے اجلاس میں اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ مستقبل میں کسی بھی غیر مجاز یا غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تشہیر نہیں کریں گی۔ شرکااجلاس نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے آن لائن تشہیر کے لیے باقاعدہ ریگولیٹری نظام وضع کیا جانا چاہیے تاکہ عوام کو غلط معلومات سے محفوظ رکھا جا سکے۔، اجلاس میں رئیل اسٹیٹ مارکیٹنگ کمپنیوں کے لیے لائسنسنگ اتھارٹی کے قیام پر غور کیا جائے تاکہ صرف رجسٹرڈ ادارے ہی مارکیٹنگ سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔ ڈائریکٹر نیب جاوید احمد خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب عوام کو جعلی اور گمراہ کن اشتہارات سے بچانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نیب کا مقصد عوامی مفاد کا تحفظ اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے، اور ایسے تمام عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو عوام کے اعتماد سے کھیل رہے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید