اسلام آباد(خالد مصطفیٰ) کے-الیکٹرک کے سی ای او سید مونس عبداللہ علوی کو ہٹانے کی کوشش بدھ کو اس وقت ناکام ہوگئی جب کمپنی کے اہم نجی شیئرہولڈرز نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا، جس کے باعث اجلاس کورم کی کمی کے باعث منسوخ ہوگیا۔اجلاس کا باضابطہ ایجنڈا ’’نان فنانشل امور‘‘ تھا، مگر درحقیقت مقصد سی ای او کی برطرفی تھا۔ حکومتی نامزد ارکان شریک ہوئے لیکن سعودی عرب کی الجمیع گروپ اور کویت کی ڈینہم انویسٹمنٹس جیسے غیر ملکی سرمایہ کار، جو اکثریتی حصص کے مالک ہیں، غیر حاضر رہے۔ذرائع کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں نے اس اقدام کو ’’معاندانہ‘‘ قرار دیا، خصوصاً ایسے وقت میں جب وہ حکومت پاکستان کے ساتھ 2 ارب ڈالر کے تنازعے پر مذاکرات میں مصروف ہیں۔