کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن مجیب قمبرانی نے کہا ہے کہ فیصلے بند کمروں میں نہیں بلکہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کئے جا رہے ہیں،تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیکرمفاد عامہ کے منصوبوں پر موثر انداز سے عمل درآمد کرائیں گے،صفائی کے متعلق شکایات کے نظام کو سہل کر دیا گیا ہے کوئی بھی شہری گھر یا دفتر بیٹھ کر ایک منٹ میں شکایت درج کرا سکتاہے، جنوری تک کوئٹہ شہر میں پڑے کچرے کے ڈھیروں کی مکمل صفائی کر دی جائے گی۔ٹریفک مسائل کے حل کے لئے پرانے ٹریفک سگنلز کو ٹھیک کرنے کے ساتھ نئے سگنلز لگائے جائیں گے،بلڈنگ کوڈ کا ریوائز کرنے کا عمل جاری ہے،اب رہائشی نقشہ ہفتے اور کمرشل نقشہ ایک ماہ میں جاری کیا جا رہا ہے،گداگروں اور ہیروہینچیوں کے خلاف کارروائی کےلئے اقدامات جاری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی ،سنیئر نائب صدر حاجی اختر کاکڑ ،نائب صدر انجینئر میر وائس خان کاکڑ اور چیمبر کی قائمہ کمیٹی برائے میونسپل کارپوریشن سردار زین العابدین خلجی ودیگر نے ایڈمنسٹریٹر کا استقبال کیا اور انہیں شہر میں صفائی،ٹریفک،بلڈنگ کوڈ پر عمل درآمد،منشیات کے عادی افراد اور گداگروں کے تدارک و دیگر امور بارے مسائل کی نشان دہی کی اور اسے مختلف تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کوئٹہ شہر کے مسائل کے حل کےلئے اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی بنانے کی بھی تجویز پیش کی اور یقین دلایا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور انجمن تاجران کا اس بابت انہیں ہر ممکن تعاون حاصل رہے گا۔اس موقع پر مجیب قمبرانی کا کہنا تھا کہ شہر کی صفائی کا ٹھیکہ تمام تر قانونی تقاضے پوری کرکے کمپنی کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ہم نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی گاڑیاں اور آلات کمپنی کے حوالے ضرور کئے ہیں مگر اس کے بدلے فی ٹن کچرہ اٹھانےکی سب سے سستی سہولت بھی لی ہے اس وقت پنجاب کے ایک شہر میں فی ٹن کچرہ اٹھانے کےلئے 18 ہزار روپے جبکہ کوئٹہ میں 5ہزار 221روپے ادا کئے جا رہے ہیں صفائی سے متعلق شکایات کا نظام بہت سہل کردیا گیا ہے اب کوئی بھی شہری گھر ،دفتر یا کہیں بھی بیٹھ کر شکایت درج کرا سکتا ہے جس کا چوبیس گھنٹوں میں ازالہ بھی ہر صورت کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہر سے بڑے کچرے کے ڈھیر جنوری تک مکمل اٹھا لئے جائیں گے۔ شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل کےلئے پرانے سگنلز ٹھیک اور نئے بھی نصب کئے جا رہے ہیں اس بابت اسٹیک ہولڈرز کے تواتر کے ساتھ اجلاس بھی منعقد کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلڈنگ کوڈ کو ریوائز کرنے کا کام جاری ہے تاہم اب رہائشی نقشے ایک ہفتے جبکہ کمرشل نقشے ایک ماہ کی مدت میں جاری کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیری فارمز اور میکینک دکانوں کی شہر سے باہر منتقلی کےلئے میکیزم پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ گداگروں اور ہیروہینچیوں کے خلاف جلد کارروائی ہوگی۔جہاں تک شہر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کی سست روی کا تعلق ہے اس کا نوٹس لیکر کام کو تیز کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی کے منصوبوں پر کام جاری ہے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان اور انجمن تاجران بھی دو الگ الگ چوراہوں کی تزئین و آرائش کریں۔انہوں نے کہا کہ جلد کوئٹہ شہر میں نصب بڑے بل بورڈ بھی اتارے جائیں گے انہوں نے کہا کہ چیمبر کے عہدیداران و ممبران اور بزنس کمیونٹی کے افراد مسائل کی نشاندہی کریں ہم ان کا فوری ازالہ کریں گے کمیٹی کے اگلے اجلاس میں شہر کے مسائل سے متعلق مزید اہم فیصلے کئے جائیں گے۔آخر میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کی جانب سے مہمان کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔