اسلام آباد(جنگ نیوز)ٹرانس جینڈر ڈاکٹر کی رجسٹریشن اور لائسنس سے متعلق پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل(PM&DC) نے اپنی وضاحت میں کہا ہے کہ پی ایم ڈی سی کی کسی قسم کی غفلت نہیں،قانونی معاملات مقررہ طریقہ کار کے تحت جاری ہیں۔پی ایم ڈی سی کے فوکل پرسن نے عدالت کوبتادیا تھا کہ درخواست گزار پی ایم ڈی سی میں رجسٹرڈ ہیں، اور متعلقہ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ عدالت میں جمع کرادیا گیا ہے۔عدالت نے پی ایم ڈی سی کی وضاحت کو تسلیم کرتے ہوئے سماعت 28 نومبر 2025 تک ملتوی کر دی ۔اس کے علاوہ پی ایم ڈی سی کسی “پورٹل” کو من مانی طور پر بند نہیں کرتا، بلکہ تمام فیصلے شفاف انداز میں اور قانونی تقاضوں کے مطابق کئے جاتے ہیں۔پی ایم ڈی سی اس بات کو دہراتا ہے کہ رجسٹریشن اور لائسنسنگ سے متعلق تمام امور قانون کے مطابق، مکمل شفافیت کے ساتھ اور کسی بھی قسم کے امتیاز کے بغیر نمٹائے جاتے ہیں۔