• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان حکومت نے دہشتگردی کو فروغ دیا، دفتر خارجہ

اسلام آباد(اے پی پی/جنگ نیوز)ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ طالبان حکومت نے دہشتگرد عناصرکو پناہ دے کر ان کی سرگرمیوں کوفروغ دیا‘ ٹی ٹی پی اور بی ایل اے ریاستِ پاکستان اور عوام کے دشمن ہیں اور جو کوئی بھی ان کی حمایت یا معاونت کرتا ہے، وہ پاکستان کا خیرخواہ نہیں ہو سکتا‘جب سے طالبان حکومت برسراقتدار آئی ہے، پاکستان پر افغان سرزمین سے دہشت گرد حملوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان نے ان حملوں کے باوجود انتہائی صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور جوابی کارروائی سے گریز کیا۔ پاکستان کی توقع تھی کہ طالبان حکومت وقت کے ساتھ ان حملوں کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے گی اور افغان سرزمین پر موجود ٹی ٹی پی عناصر کے خلاف کارروائی کرے گی، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ اتوار کو ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی بنیادی توقع یہ تھی کہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا لیکن طالبان حکومت اس پر عملدرآمد میں ناکام رہی۔پاکستان امن اور سفارتکاری کا حامی ہے اور ہمیشہ سمجھتا ہے کہ طاقت کا استعمال آخری راستہ ہے۔ اسی جذبے کے تحت پاکستان نے ترکیہ اور قطر کی مخلصانہ ثالثی میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کی تاہم استنبول میں ہونے والے دوسرے اور تیسرے دور میں طالبان نمائندوں نے عملی اقدامات سے گریز کیا اور الزام تراشی اور اشتعال انگیزی کے ذریعے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی۔

اہم خبریں سے مزید