اسلام آباد ( نامہ نگار) تحریک انصاف کے ایم این اے اسد قیصر نے کہا ہےکہ سینیٹ سے تاریخ کی سب سے متنازع ترمیم پاس ہو گئی ،یہ پاکستان کی تاریخ کا ایک بدنما داغ ہے،آپ نے تاریخ کا سب سے بدترین فیصلہ کیا، میاں صاحب کدھر گیا آپ کا ووٹ کو عزت دو کا نعرہ، ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے نے آئین کا جنازہ نکال دیا۔ وہ قومی اسمبلی میں 27 ترمیمی بل پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ راجہ پرویزا شرف نے اسد قیصرکی تقریر کا برجستہ جواب دیتےہوئے کہاکہ ہم شہیدوں کیساتھ کھڑے ہونے والے ہیں فوج پر فخر کرنے والے ہیں تم نومئی والے ہو، تم نے شہیدوں کو رسوا کیا، آپ لوگ جمہوریت کےدشمن ہیں ،دفاع کے دشمن ہیں پاک فوج کے دشمن ہیں آپ کا ہندوستان کے ساتھ یارانہ ہے۔اسد قیصر نےکہا کہ صدر زرداری کو لائف ٹائم استثنیٰ ملا،پیپلز پارٹی اپنے آپ کو بہت بڑی جمہوری پارٹی کہتی ہے،کس منہ سے عوام کے پاس جائیگی ،پیپلز پارٹی پیپلز پارٹی نہیں رہی،پیپلز پارٹی کو ووٹ دنیا جمہوریت کے ساتھ دشمنی ہوگی، سندھ کے عوام آئندہ مسترد کرینگے ،یہ جو یہاں بیٹھے ہیں ان کو شرم حیا ہوتی ہے؟آپ کا ضمیر کدھر گیا، آج میاں صاحب کس حیثیت سے حکومت کر رہے ہو،سارا بیانہ جھوٹ فریب تھا،آپ نے عدلیہ کو مفلوج کیا،آئینی بینچ کا چیف جسٹس وزیر اعظم منتخب کریگا،کیا وہ عوام ، اپوزیشن کو انصاف دیگا،یہ تو بہت شرم افسوس کی بات ہے،یہ تو جنگل کا قانون بن گیا۔