لاہور(اپنے نامہ نگار سے ) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے رہنماؤں نے اسلام اباد میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد کی شہادت اور درجنوں کے زخمی ہونے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوارج اور فتنہ الہندوستان خطے کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں۔اپنے الگ الگ مذمتی بیان میں سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پراکسیز کے ذریعے پاکستان پر جنگ مسلط کرنیکی بھارتی کوششیں ناکام بنائینگے،بیگناہ شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضی نے کہا کہ خود کش دھماکے میں شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں اور عوام کا خون رائیگاں نہیں جائیگا اوردھماکے میں ملوث دہشت گرد عناصر کا قلعہ قمع کر کے دم لینگے۔سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی وسطی پنجاب شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ دھماکے میں شہید ہونے والوں کو خراج تحسین اور زخمیوں کیلئے دعا ہیں۔