پشاور(جنگ نیوز)صوبائی وزیر تعلیم ارشَد ایوب خان نے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم میں نئے تعینات ہونے والے 156 اے ایس ڈی ای اوز (Assistant Sub-Divisional Education Officers) کو فریش اپوائنٹمنٹ؍ایڈجسٹمنٹ آرڈرز تقسیم کئے۔ اس موقع پر سیکرٹری ایجوکیشن محمد خالد خان اور ڈائریکٹر ایجوکیشن نغمانہ سردار بھی موجود تھے۔محکمہ تعلیم کے کمیٹی روم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم ارشد ایوب خان نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی کارکردگی مزید بہتر بنانے،سکولوں کی سطح پر انتظامی امور میں شفافیت لانے اور ریفارمز کو عملی سطح پر مؤثر بنانے کے لئے یہ تعیناتیاں انتہائی اہمیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام تقرریاں میرٹ اور شفاف طریقہ کار کے تحت عمل میں لائی گئی ہیں۔ جس کیلئے صوبائی پبلک سروس کمیشن کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی کیڈر کے یہ نو تعینات افسران محکمہ تعلیم میں جاری ریفارمز ایجنڈا پر من و عن عمل کریں گے اور ان کے آنے سے سسٹم میں مزید بہتری آئے گی اور انتظامی کیڈر آفسران کی کمی پوری ہو جائے گی۔