کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) سیکرٹری صحت بلوچستان داؤد خان خلجی نے کہا ہے کہ فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیز کوئٹہ سینے، سانس اور پھیپھڑوں کی بیماریوں کے علاج کیلیے صوبے کا واحد اعلیٰ اور مستند ادارہ ہے عوام کو شب و روز صحت کی سہولیات فراہم کر رہا ہے حکومت بلوچستان اس ادارے کی استعداد بڑھانے اور ضروری وسائل کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے صوبے بھر میں خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی قومی مہم کا آغاز 17 نومبر سے ہو گا ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اسپیشل سیکرٹری صحت شہیک بلوچ کے ہمراہ فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیز کوئٹہ کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر شیرین خان اور ڈاکٹر سید ہدایت اللہ نے انہیں بریفنگ دی سیکرٹری صحت نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور علاج و معالجے کے نظام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحت کے معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا انہوں نے ہدایت کی کہ فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیز جیسے اہم ادارے کی خدمات کو مزید مؤثر اور جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں کو معیاری علاج فراہم کیا جا سکے بعدازاں انہوں نے خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی جاری قومی مہم کے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی قومی مہم 17سے 29 نومبر تک جاری رہے گی اس مہم کے دوران 6 ماہ سے 5 سال کے عمر تک کے تمام بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی ویکسین مکمل طور پر مفت فراہم کی جائے گی والدین، اساتذہ، مذہبی و سماجی رہنمااور کمیونٹی بھرپور تعاون کرے۔