اسلام آباد(طاہر خلیل )بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کا اختتام،اسلام آباد اعلامیہ متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا ، اعلامیے میں کہا گیا کہ نفرت انگیز تقاریر ،دہشتگردی ،اسلامو فوبیا اور غربت عالمی چیلنجز ہیں،دہشتگردی دنیا کیلئے سنگین خطرہ ہے ، خاتمے کیلئے اجتماعی سیاسی عزم کی ضرورت ہے ، دنیا بھر کی پارلیمنٹس محروم طبقات خواتین ،نوجوانوں ،معذوروں کو با اختیار بنانے کیلئے قانون سازی پر توجہ دیں، موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اجتماعی عالمی حکمت عملی کی اپیل کی گئی،،چیئرمین سینیٹ و بانی چیئرمین آئی ایس سی یوسف رضا گیلانی نے کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اور وانامیں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی عظیم قربانی کو نمایاں ہیں، دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، وہ انسانیت کے دشمن ہیں ۔انہوں نے عالمی امن، استحکام اور مکالمےکیلئے پاکستان کے عزم کی تجدید کی، جس میں پارلیمنٹس کے کردار کو باہمی تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے میں مرکزی قرار دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے موسمیاتی تبدیلی کے عالمی چیلنج کو اجاگر کرتے ہوئے زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی کی تیز رفتار انسانی بقا کے لیے ایک حقیقی خطرہ ہے۔