کراچی (نیوزڈیسک )اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیاہے کہ اسرائیلی وزارتِ سیاحت کے ڈائریکٹر جنرل مائیکل اِزحاکوف کو لندن میں ایک بین الاقوامی نمائش کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کے کوآرڈی نیٹربرائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان سے مصافحہ کرتے ہوئے فلمایا گیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ ملاقات خاصی توجہ کا مرکز بنی کیونکہ اسرائیل اور پاکستان کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات موجود نہیں ہیں۔اگرچہ پاکستان کے اسرائیل سے سفارتی تعلقات نہیں ہیں تاہم گزشتہ چند برسوں میں غیر رسمی رابطوں اور محتاط طرزِعمل میں تبدیلی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ حالیہ دنوں میں پاکستان کو اُن ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے جن کے بارے میں پیش گوئی کی جا رہی ہے کہ وہ جنگ کے بعد غزہ میں کام کرنے والی بین الاقوامی فورس میں شامل ہو سکتے ہیں۔