کراچی(جنگ نیوز) ڈائریکٹر جنرل پریس اینڈ انفارمیشن ڈپارٹمنٹ ارم تنویر نے نے اے پی این ایس کی ویمن پبلشنگ کمیٹی کے وفد کو تمام مسائل کے حل کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاہے کہ خواتین کے جرائد کو سپورٹ کرنا ہماری ترجیح میں شامل ہے اور ان شاء اللہ جلد یہ مسائل حل کر لئے جائیں گے۔ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی ویمن پبلشنگ کمیٹی کی چیئرپرسن فوزیہ شاہین کی قیادت میں زاہدہ عباسی اور حسینہ جتوئی پر مشتمل اے پی این ایس کے وفد نے ڈائریکٹر جنرل پریس اینڈ انفارمیشن ڈپارٹمنٹ ارم تنویر سے ملاقات کی اورپرنٹ میڈیا، اُردو جرائد کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے ڈی جی پی آئی ڈی کو اشتہارات کے منصفانہ اجراء، نرخوں اور بقایا جات کی ادائیگی سے متعلق معاملات پر تفصیل سے آگاہ کیا۔ ویمن پبلشنگ کمیٹی کے وفد نے ڈائریکٹر انفارمیشن سندھ یوسف کابورو سے بھی ملاقات کی ۔