لاہور(خصوصی نمائندہ ) صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں اتحاد بین المذاہب اور اتحاد بین المسلمین کو فروغ دے رہی ہے۔ صوبہ پنجاب میں قیام امن کیلئے تمام تر کوششوں کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ میں رابطتہ المدارس پاکستان کے وفد سے ملاقات کی ہے۔ علماء کرام کے وفد کی قیادت سیکرٹری جنرل رابطتہ المدارس پاکستان مولانا ڈاکٹر عطاء الرحمن نے کی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سیکرٹری اوقاف سید طاہر رضا بخاری، ڈی آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی احسان جمالی، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب چیریٹیز کمیشن کرنل شہزاد عامر و متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ علماء کرام کے وفد میں نائب صدر مولانا عطاء الرحمن مدنی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سید قطب علی، صوبائی صدر مولانا عبد الرزاق ودیگر شامل تھے۔