لاہور(آصف محمود بٹ) پنجاب حکومت نے چونیاں واقعہ کے تناظر میں ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے پنجاب فوڈ اتھارٹی (پی ایف اے) کو پہلی بار باضابطہ سیکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹیوں کو اپنی کارروائیوں کی ماہانہ رپورٹ ہوم ڈیپارٹمنٹ اور پرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو ارسال کرنے کا حکم ۔ یہ فیصلہ کابینہ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے قانون و امن (SCCLO) کے 9 اکتوبر 2025 کو ہونے والے 37ویں اجلاس میں کیا گیا، جہاں پی ایف اے افسران کو درپیش سیکیورٹی خدشات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو بھیجے گئے مراسلے کے مطابق اجلاس میں ایجنڈا آئٹم نمبر 7 ،چونیاں واقعہ: پی ایف اے افسران کی سیکیورٹی، پر طویل مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ پی ایف اے کے مرکزی دفتر لاہور میں مناسب تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو باقاعدہ ریفرنس بھیجے تاکہ تعیناتی جلد از جلد کی جاسکے۔ مراسلے میں بتایا گیا کہ کمیٹی نے اس بات کا بھی نوٹس لیا کہ پی ایف اے کی فیلڈ کارروائیاں اکثر مزاحمت اور خطرات کا سامنا کرتی ہیں۔