• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی ایک خاندان اور 40 وڈیروں کا نام، عوام کو محکوم بنایا ہوا ہے، حافظ نعیم

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ایک خاندان اور چالیس وڈیروں کا نام ہے، گاؤں دیہات میں عوام کو محکوم بنایا ہوا ہے،اب شہروں پر قبضہ کررہے ہیں،اسی طرح چوہدریوں،سرداروں اور چند خاندانوں نے قوم کو غلام ابن غلام بنا رکھا ہے، اسٹیبلشمنٹ کی گود میں پرورش پانے والی پارٹیوں نے مل کر آئین کا حلیہ بگاڑ دیا ،  21تا 23نومبر مینار پاکستان لاہور میں جماعت اسلامی کاکل پاکستان اجتماع عام”بدل دو نظام“کی تحریک اور جدوجہد کا نکتہ آغاز ہوگا، اجتماع میں اس گلے سڑے نظام کو اکھاڑ پھینکنے کے لئے لائحہ عمل کا اعلان کیاجائے گا۔وہ جماعت اسلامی ضلع شرقی کے تحت پروفیسر عبدالغفور احمد روڈ گلستان جوہر میں ”بدل دو نظام عوامی کنونشن“میں شریک مردو خواتین سے خطاب کررہے تھے، کنونشن سے امیر ضلع شرقی نعیم اختر،سیکریٹری پبلک ایڈ کمیٹی کراچی نجیب ایوبی نے بھی خطاب کیا۔ کنونشن میں کو آپریٹوہاؤسنگ سوسائٹیز پر حکومتی سرپرستی میں قبضوں اور اصل الاٹیز کو ان کی زمینوں سے محرومی کے خلاف اور بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کی تعمیر میں غیر معمولی تاخیر،منصوبے کی لاگت میں اضافہ و مالی بے ضابطگیوں اور شہریوں،تاجروں اور طلبہ وطالبات کو درپیش مشکلات وپریشانیوں کے حوالے سے قراردادیں بھی منظور کی گئیں، جن میں مطالبہ کیاگیا کہ ریڈ لائن کی تکمیل کی حتمی تاریخ کا اعلان کیاجائے اور کو آپریٹو سیکٹر کے معاملات کی تحقیقات کے لئے اعلی عدلیہ کے ججوں پر مشتمل کمیشن قائم کیاجائے۔ اس موقع پرمسلم پرویز، عزیز الدین ظفر، ابن الحسن ہاشمی، زاہد عسکری،ڈاکٹر فواد احمد، محمد ابراہیم اور محمد قطب سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ قبل ازیں حافظ نعیم الرحمن کی آمد پر ان کا شاندار استقبال کیاگیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اورپرجوش نعرے لگائے گئے، حافظ نعیم الرحمن نے اسٹیج پر کھڑے ہوکر شرکاء سے اظہار یکجہتی کیا۔
اہم خبریں سے مزید