لاہور(اپنے نامہ نگار سے) کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے چیرمین خواجہ سلمان رفیق کی قیادت میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر انڈسٹریز چوہدری شافع حسین، صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی بھی موجود تھے۔ صوبائی وزراء اور سیکرٹری داخلہ پنجاب نے سیف سٹی میں جاری آسیان کپیسٹی بلڈنگ کانفرنس کے سیشن میں شرکت کی۔ کانفرنس میں شرکت کرنے والے بین الاقوامی مہمانوں میں لاؤس سے مسٹر سوکساون ہانیفوم، میانمار سے مسٹر من سو او، انڈونیشیا سے مسٹر زین الدین ہائر الدین کُلّے اور مسٹر ہیری ولسن بُتار بُتار، ملائشیا سے مسٹر محمد اشرف بن عبداللہ، مشرق تیمور سے مسٹر الوارو مُونیز لوباتُو باریتو اور ویتنام سے مس تھانہ تھی تھو ہونگ شامل تھیں۔ سیشن سے خطاب میں چیرمین کابینہ کمیٹی و وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ حکومتِ پنجاب ٹیکنالوجی کے ذریعے صوبے کو مزید محفوظ بنا رہی ہے اور سیف سٹیز کا دائرہ کار صوبہ بھر تک پھیلایا جا رہا ہے صوبائی وزیر انڈسٹریز چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے۔ صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب بچوں، خواتین اور معاشرے کے کمزور طبقات کی آواز بن رہی ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے سیشن کو بتایا کہ حکومت پنجاب نے امن و امان کے قیام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا اور بہتری کا عمل مستقل جاری ہے۔ سیشن کے بعد چیف آپریٹنگ آفیسر سیف سٹیز مستنصر فیروز نے کابینہ کمیٹی کو ادارے کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا اور بریفنگ دی۔