لاہور(خبرنگار)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ کوپ 30 میں پنجاب کے ماحولیاتی اقدامات کو سراہنے سے ہماری کوششوں کو تقویت ملی، کلائمیٹ چینج وارئیر بن کر عالمی سطح پر پنجاب کی شناخت بڑھائیں گے۔وہ کوپ 30 میں شرکت کے بعد برازیل سے وطن واپس پہنچ گئے۔ اپنے دورہ کے دوران رانا سکندر حیات نے کوپ 30 کو پنجاب کے سکولوں کو ماحول دوست بنانے، 14 ہزار سکولوں میں سیگریگیٹڈ ویسٹ بن لگانے اور نیوٹریشن پروگرام کے دودھ کے پیکٹس کی ری سائیکلنگ سمیت ماحول دوستی کے دیگر اقدامات پر بریفنگ دی اور گرین سکول مہم کے بارے میں آگاہ کیا۔ رانا سکندر حیات نے برازیل کے دورہ کو تجربات اور مشاہدات کے اعتبار سے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوپ 30 میں پنجاب کے ماحولیاتی اقدامات کو ایک مضبوط مثال گردانا گیا اور ماحول دوست اقدامات کی تحسین کی گئی جس سے ہماری کوششوں کو مزید تقویت ملی ہے۔