لاہور(خبرنگار) جیوون ٹیک کوریا (Giwon Tech Korea) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے کمپنی کے پریذیڈنٹ مسٹر جیوون لی (Giwon Lee) کی قیادت میں سیکریٹری لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب احمد عزیز تارڑ سے ملاقات کی۔ سیکرٹری لائیوسٹاک نے کورین وفد کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ اس موقع پرلائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران کورین وفد نے اپنی کمپنی کی جانب سے تیار کی گئی جدید لائیوسٹاک اور ایگری پروڈکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی اور پنجاب میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع پر بات چیت کی۔ وفد نے پنجاب میں سمارٹ فارمز، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور لائیوسٹاک سائنسی اپ گریڈیشن کے مختلف منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ،اس موقع پر سیکریٹری لائیوسٹاک احمد عزیز تارڑ نے کہا کہ پنجاب میں شعبہ لائیوسٹاک کی بہتری کے لیے مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کورین کمپنی کا ایم او یو کا پروپوزل منظوری کے لیے صوبائی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔