کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےکہا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے جیسا بڑا منصوبہ سندھ حکومت اکیلے مکمل نہیں کرسکتی، منصوبے سے کراچی میں ٹرانسپورٹ کا بڑا مسئلہ حل ہو جائیگا۔ وہ پیر کو کینٹ ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ مرکزی حکومت کراچی کی ترقی کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ریلوے لائنوں اور شاخوں کی اپ گریڈیشن سندھ کے عوام کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔وزیرِ اعلیٰ نے نشاندہی کی کہ جب تک کراچی حیدرآباد موٹروے مکمل نہیں ہوتی، ٹرین سفر عوام کیلئے سب سے قابلِ اعتماد ذریعہ نقل و حمل ہے۔