• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علیمہ خانم کی پنجاب میں 42 ایکڑ اراضی بے نقاب، 22 مزید بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی کے حکم پر بورڈ آف ریونیو پنجاب نے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خانم کی پنجاب میں ملکیتی اراضی سے متعلق رپورٹ جمع کرا دی جس کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد میں گزشتہ برس 26اکتوبر کو درج مقدمہ میں روپوش ملزمہ کی صوبے کے چار مختلف اضلاع میں 42ایکڑ اراضی سامنے آئی ہے، مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے دانستہ روپوشی پر الائیڈ بنک اور یونائیٹڈ بنک میں موجود ملزمہ کے 22 مزید بنک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دیتے ہوئے عدالتی احکامات سنے ان سنے کرنے پر اسلام آباد کے انتظامی امور اور ترقیاتی ادارے کے سربراہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر کے آئی جی اسلام آباد کو ان وارنٹ پر عملدرآمد کی ہدایت بھی دی ہے، عدالت نے گزشتہ روز بھی ملزمہ کے پیش نہ ہونے پر دسویں بار اس کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرکے سماعت 20نومبر تک ملتوی کر دی، گزشتہ روز سماعت کے موقع پر عدالت کو بتایا گیا کہ بورڈ آف ریونیو پنجاب کو 38 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے موصول ہونے والے ریکارڈ کے مطابق ضلع بھکر میں 51 کنال 16 مرلے، ضلع لاہور کے موضع میاں میر میں 1 کنال 4 مرلے، لاہور کے موضع نور پور کمبوہ (تحصیل لاہور کنٹونمنٹ) میں 1 کنال 1 مرلہ، لاہور کے موضع سلطان تحصیل رائیونڈ میں 64 کنال 14 مرلے، ضلع میانوالی کے موضع بازر 217 کنال 5 مرلے اور ضلع شیخوپورہ کے موضع فیروزوالہ میں 4 کنال 13 مرلے اراضی ملزمہ کے نام پر رجسٹرڈ ہے اس طرح ملزمہ مذکورہ 4 اضلاع میں مجموعی طور پر 338 کنال کی بلاشرکت غیرے مالک ہے، دوران سماعت عدالت   نے  ملزمہ کے 22 اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم جاری کر دیا اس طرح اب تک عدالتی حکم پر ملزمہ کے 37 اکاؤنٹس منجمد کئے جا چکے ہیں اس موقع پر عدالت کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کے انتظامی امور اور ترقیاتی ادارے کے سربراہ کو عدالت کی جانب سے لیٹر بھجوایا گیا تھا جس کے بعد یاددہانی کا نوٹس بھی جاری کیا گیا لیکن کوئی جواب موصول نہ ہونے پر عدالت نے مذکورہ دونوں افسران کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کئے تھے ۔

اہم خبریں سے مزید