اسلام آباد (عاصم جاوید) شاہراہ دستور پر قائم اسلام آباد ہائیکورٹ کی نئی عمارت میں وفاقی آئینی عدالت کی فعالیت کے پہلے ہی روز عدالت عالیہ اسلام آباد کی پرانی عمارت میں منتقلی کی باتیں گردش کرنے لگیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ذرائع نے ان اطلاعات کو بے بنیاد قرار دے دیا جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی ایسی باتوں کو افواہ قرار دیتے ہوئے وضاحت کیلئے آج پریس کانفرنس بلا لی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ جو اس سے قبل اسلام آباد کے سیکٹر جی ٹین میں قائم تھی، شاہراہ دستور پر اپنی نئی عمارت میں مئی 2023 میں منتقل کی گئی تھی۔ 27 ویں آئینی ترمیم کے نتیجے میں بننے والی وفاقی آئینی عدالت کیلئے ابتدائی طور پر فیڈرل شریعت کورٹ کی بلڈنگ تجویز کی گئی تاہم بعد میں وفاقی آئینی عدالت کیلئے عارضی طور پر اسلام آباد ہائیکورٹ کی عمارت میں انتظام کر دیا گیا جہاں پیر کو باقاعدہ طور پر اس عدالت نے آئینی مقدمات کی سماعت شروع کر دی۔