کراچی (نیوز ڈیسک) سائنسدانوں نے ایک ایسی تجرباتی دوا تیار کی ہے جو ذیابیطس کے اُن خطرناک اثرات کو روک سکتی ہے جو صرف شوگر کنٹرول سے ختم نہیں ہوتے۔ نئی تحقیق کے مطابق یہ دوا لیبارٹری میں چوہوں اور انسانی خلیوں پر آزما کر دیکھی گئی اور نتائج کو حوصلہ افزا قرار دیا گیا ہے۔ سائنس الرٹ کی رپورٹ کے مطابق، ذیابیطس میں خون میں شکر کا مناسب کنٹرول بہت اہم ہے، لیکن صرف اس پر انحصار کرنے سے تمام پیچیدگیاں ختم نہیں ہوتیں۔ مریضوں میں زخموں کا دیر سے بھرنا، سوجن اور مستقل سوزش جیسے مسائل اب بھی عام ہیں۔ تحقیق کی شریک مصنف اور نیویارک یونیورسٹی کی پروفیسر ڈاکٹر این میری شمٹ کا کہنا ہے کہ ذیابیطس کی اصل تباہی اس کی پیچیدگیاں ہیں۔