لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور کی انتظامیہ سیاسی عدم استحکام پیدا کر کے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے اتحاد کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہے،ٹریفک پولیس پارٹی کی ٹرانسپورٹ پر لگی فلیکسز کو زبردستی اتروا رہی ہے۔مجید غوری کو فون کر کے پیپلز پارٹی کی ممبر سازی مہم روکنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں جبکہ پیپلز پارٹی لاہور کے دفتر کو ایل ڈی اے نے 8لاکھ 74ہزار کا نوٹس سیاسی سرگرمی کرنے پر بھیجا ہے۔ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے رہنماؤں فیصل میر،مجید غوری نے جوہر ٹاؤن آفس میں سبط حسن اور شاہد عباس ایڈوکیٹ کیساتھ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس وقت ن لیگ کی اتحادی جماعت ہے اور ہم اپنی قیادت کی ہدایت پر اس اتحاد کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور انتظامیہ پیپلز پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں پر روک ٹوک کرتی ہے، انتظامیہ کی طرف سے ن لیگ کا نام استعمال کر کے یہ سب کچھ کیا جا رہا ہے۔ہم کسی سرکاری دفتر پر نہیں اپنی پراپرٹی پر اشتہارات لگاتے ہیں،24گھنٹے میں یہ مہم بند ہونی چایئے۔پیپلز لائرز فورم لاہور ڈویژن کے صدر شاہد عباس ایڈوکیٹ نے کہا کہ ہمارے ورکروں کے حوصلے ایسی حرکتوں سے پست نہیں کیے جا سکتے۔