لاہور (شوبز رپورٹر) الحمراء ادبی بیٹھک میں اہم ادبی نشست کا انعقاد ہوا۔ جس میں نامور کہانی نگار نیئر مسعود کی زندگی، ان کے کام اور ادبی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس نشست میں معروف دانشور ڈاکٹر ناصر عباس نیئر بطور مقرر شریک ہوئے اور انہوں نے نیئر مسعود کے فکشن نگاری کے اہم نکات اور ان کے فکری زاویوں پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر ناصر عباس نیئر نے کہا کہ نیئر مسعود کی تحریر آسانی سے سمجھ نہیں آتی، لیکن ایک بار جب قاری ان کے متن میں داخل ہو جاتا ہے تو ان کی قوتِ بیان اور ذہنی وسعت سے متاثر ہوئے بغیر رہا نہیں جا سکتا۔ چیئرمین الحمراء رضی اللہ نے بھی اس نشست میں خصوصی شرکت کی اور نوجوان ادیبوں کو اس طرزِ فکر کی اہمیت پر زور دیا۔ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء محمد محبوب عالم چوہدری نے اپنے تاثرات میں کہا کہ الحمراء ادبی بیٹھک ایک تاریخی مقام ہے جو نوجوانوں کے لیے افکار و فکر کا نیا سرچشمہ ہے۔