کراچی (محمد ندیم /اسٹاف رپورٹر)تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آج جمعہ 21نومبر کوملک بھر میں 27ویں آئینی ترمیم کیخلاف یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر اور وائس چیئرمین تحریک تحفظ آئین پاکستان سید زین شاہ کی سربراہی میں خواجہ نوید امین ایڈووکیٹ، عاقب راجپر ایڈووکیٹ، منیر نائچ و دیگر پر مشتمل وفد نے کراچی بار کے عہدیداران سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سید زین شاہ نے 27 ویں آئینی ترمیم کیخلاف کراچی بار کے موقف کی تائید کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان 26 ویں اور 27 ویں آئینی ترمیم سمیت تمام غیر آئینی ترامیم کی بھر پور مزاحمت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان مکمل طور پر اس بات کے لیے پر عزم ہے کہ آئین پاکستان کو اس کی اصل روح اور حقیقی شکل میں بحال کیا جائے اور یہ جدوجہد مکمل طور پر جمہوری اور پر امن طریقوں سے جاری رہے گی۔ سید زین شاہ نے بتایا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے ملک بھر میں آج بروز جمعہ 21 نومبر 2025 کو یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔