• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ سرچارج ختم، وزیراعظم کا اقدام، برآمدات پر 0.25 فیصد سرچارج ختم، ایکسپورٹرز کو ریلیف، عالمی مارکیٹ میں مسابقت بڑھے گی

اسلام آباد (رانا غلام قادر، مہتاب حیدر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ ملکی برآمدگان پر نافذ کردہ 0.25فیصد ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ سرچارج کو فوری طور پر ختم کر دیا جائے تاکہ ایکسپورٹرز کو ریلیف ملے اور عالمی مارکیٹ میں مسابقت بڑھائی جاسکے، ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کا پچھلے پانچ سال کا عالمی معیار کے مطابق تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا جائے،ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے صنعت کاروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کا غیر متعلقہ اور غیر منطقی استعمال کسی صورت قابل قبول نہیں، ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (TDAP )کے کردار کا اصلاحاتی جائزہ لیا اور تشکیل نو کی جائے۔ وزیراعظم نے یہ ہدایت گزشتہ روزاپنی زیر صدارت ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے قائم کردہ ذیلی ورکنگ گروپ کے سفارشات پر جائزہ اجلاس کے دوران دی۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ میںموجود 52 ارب روپے کے بہترین استعمال کیلئے پرائیویٹ سیکٹر سے موزوں چیئرمین کو منتخب کیا جائے۔ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ میں موجود رقم کو صرف ملکی برآمدات میں اضافے،متعلقہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ، برآمدی سیکٹر کی افرادی قوت کی ہنر مندی، ٹریننگ اور عالمی معیار کی جدید سہولتوں کیلئے استعمال کیا جائے۔ وزیراعظم نےخصوصی ہدایت کی کہ ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کے تحت جاری پروگرام اور تمام اسکیمز کی بھی تھرڈ پارٹی اڈٹ کروایا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کی برآمدی اشیاء کی برآمدی اشیاء کی تشہیر اور پروموشن وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے اکتوبر میں قائم کردہ ذیلی ورکنگ گروپ نے شعبے سے متعلق تحقیق کے بعد اپنی سفارشات اجلاس میں پیش کی۔ چیئر پرسن ذیلی ورکنگ گروپ مصدق ذوالقرنین نے تمام ممبران کی موجودگی میں اجلاس میں سفارشات پیش کیں۔ جس پر وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کرنے کے موثر احکامات جاری کیے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے کامرس جام کمال ، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت خزانہ اظہر بلال کیانی، چیئرمین ایس۔ ائی۔ ایف۔ سی ( SIFC) اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدے داران نے شرکت کی۔

اہم خبریں سے مزید