کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اگرچہ ضمنی انتخاب کے بعد قومی اسمبلی میں نون لیگ کو پیپلز پارٹی کے بغیر سادہ اکثریت حاصل ہوگئی ہے مگر پیپلز پارٹی پر ہمارا انحصار رہے گا اور پیپلز پارٹی ہمارا اٹوٹ انگ ہے ہم مستقبل میں بھی مل کر چلیں گے۔ تحریک انصا ف کے چیف وہیب ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ سیاسی ماحول جیسا بھی ہو ہمیں ملک میں امن و امان کے لئے اکٹھے ہونا چاہئے اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی عمران خان سے ملاقات کروائی جانی چاہئے تاکہ وہ دہشت گردی اور دوسرے معاملات پر اُن سے گائیڈ لائن اور پالیسی لے سکیں وفاقی حکومت کو بڑے بھائی کا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ جبکہ میزبان حامد میر نے پروگرام میں تجزیہ دیتے ہوئے کہا کہ کل ہونے والے الیکشن کو مریم نواز نے ریفرنڈم قرار دے دیا ہے ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون کا کلین سوئپ پوری پاکستانی عوام کا فیصلہ ہے۔