• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشفاق احمد خلیل وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات تعینات

اسلام آباد ( طاہر خلیل، رانا غلام قادر) وفاقی حکومت نے وزارت اطلاعات و نشریات کے ایڈ یشنل سیکرٹری اور انفارمیشن گرو پ کے گریڈ21کے افسر اشفاق احمد خلیل کو وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات تعینات کر دیا ، وہ وزارت اطلاعات میں اہم ذمہ داریوں پر فائز رہے، وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ان کی تقرری کا با ضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اشفاق احمد خلیل کو ڈیپوٹیشن پر سول سرونٹس ایکٹ 1973ء کی شق 10 کے تحت فوری طور پر تاحکم ثانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات تعینات کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اشفاق احمد خلیل اس سے قبل وزارت اطلاعات و نشریات میں ایڈیشنل سیکرٹری کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے تھے ، انہوں نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ پشاور میں ڈائریکٹر جنرل، پاکستان ایمبیسی ٹوکیو جاپان میں پریس قونصلر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ اس کے علاوہ وہ ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز، پیمرا، انفارمیشن سروس اکیڈمی اور پی آئی ڈی میں مختلف اہم عہدوں پر بھی فائز رہے، وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت اطلاعات کے سینئر افسران طارق خان، ارشد منیر، اشفاق احمد خلیل، عمرانہ وزیر اور سعید احمد شیخ کے انٹرویو کئے اوران میں سے اشفاق احمد خلیل کے نام کو شارٹ لسٹ کر کے عہدے کیلئے منتخب کیا ۔ وزارت اطلاعات کے مطابق نئی تعیناتی کے بعد وزارت میں انتظامی اور پالیسی سطح پر تسلسل برقرار رہے گا اور حکومتی رابطہ کاری مزید موثر ہوگی،اشفاق خلیل وزارتی ذمے داریوں کے ساتھ ان دنوں مرکزی فلم سنسر بورڈ چیئرمین کی حیثیت سے بھی فرائض ادا کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ سیکرٹری اطلاعات و نشریات کا عہدہ عنبرین جان کی 22اکتوبر کو ر یٹائر منٹ سے خالی ہوا تھا۔ 
اہم خبریں سے مزید