• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضیا الحق چیئرمین ایچ ای سی کی دوڑ سے دستبردار، تین امیدواروں میں مقابلہ

کراچی(سید محمد عسکری) ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے چیئرمین کے عہدے کیلئے ایک مضبوط امیدوار ڈاکٹر ضیاالحق نے چیئرمین کے عہدے کی دوڑ چھوڑتے ہوئے انٹرویو کے عمل میں شرکت سے معذوری ظاہر کردی ہےاس طرح چیئرمین کے عہدے کے لیے اب تین امیدواروں میں سخت مقابلے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے جن میں سندھ سے ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، اسلام آباد سے ڈاکٹر نیاز احمد اور پنجاب سے ڈاکٹر محمد علی شاہ شامل ہیں۔ ڈاکٹر ضیاالحق جو خیبر میڈیکل کالج پشاور کے وائس چانسلر ہیں پہلے ہی ہائر ایجوکیشن کمیشن میں چار برس کے لیے ایگزیکٹو ڈائریکٹر (ای ڈی) مقرر ہوچکے ہیں تاہم ان کا نوٹیفکیشن جاری ہونا باقی ہے۔ پیر کو وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو لکھے گئے خط میں ڈاکٹر ضیاالحق نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر تعلیم کی سربراہی میں سرچ کمیٹی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چئیرمین کے عہدے کے لیے 500 سے زیادہ امیدواروں میں میں سے شارٹ لسٹ کرتے ہوئے میرا نام 30 امیدواروں میں شامل کیا جس کا میں تہہ دل سے شکر گزار ہوں اور میں اس سرچ کمیٹی پر بھرپور اعتماد کرتا ہوں تاہم میرا انتخاب ایچ ای سی میں بطور ای ڈی کیا جا چکا ہے لہذا یہ میرے لیے اخلاقی طور پر مناسب اور نہ ہی انتظامی طور پر بہتر ہوگا کہ میں ای ڈی منتخب ہونے کے بعد چئیرمین ایچ ای سی کے عہدے کے لیے انٹرویو میں شرکت کروں اس سے چیرمین کے انتخاب میں ممکنہ تاخیر یا ابہام پیدا ہونے کا خطرہ ہو سکتا ہے چناچہ میں بطور امیدوار چیرمین ایچ ای سی اپنا نام واپس لیتا ہوں۔ خط میں ڈاکٹر ضیاالحق نے ہائر ایجوکیشن کمیشن میں دو اہم ترین اسامیوں پر بروقت تقرری کے عمل کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں اس عمل کو ادارہ جاتی شفافیت، استحکام اور گڈ گورننس کے مفاد میں سمجھتا ہوں اور میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی خدمت کے لیے اپنے مکمل عزم کا اعادہ کرتا ہوں اور اس کے ذریعے پاکستان کی تعلیمی برادری لگن، دیانتداری، اور قومی جذبے کے اٹل جذبے کے ساتھ کمیشن کے اصلاحاتی ایجنڈے میں بامعنی تعاون کرنے کا منتظر ہوں۔ ادہر وقاقی وزارت تعلیم کی سیکشن افسر کرشمہ تمام 30 امیدواروں کو انٹرویوز کے خطوط جاری کردئیے ہیں جن میں ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، ڈاکٹر نیاز احمد، ڈاکٹر محمد علی شاہ، ڈاکٹر مدد علی شاہ، ڈاکٹر ضیاء الحق، ڈاکٹر سلیم رضا سموں، ڈاکٹر نیاز احمد، ڈاکٹر حبیب، ڈاکٹر جمیل احمد، ڈاکٹر ضیا القیوم، ڈاکٹر حیدر عباس ، ڈاکٹر روبینہ فاروق، ڈاکٹر ظہور بازئی، ڈاکٹر بشیر احمد، ڈاکٹر حسن شیر، ڈاکٹر زکریہ زاکر، ڈاکٹر گل زمان، ڈاکٹر حافظ محمد اسلم ملک، ڈاکٹر محمد طفیل، ڈاکٹر بخت جہاں، ڈاکٹر خالد حفیظ، ڈاکٹر مسعود بٹ، ڈاکٹر سرفراز خورشید، ڈاکٹر بشیر احمد، ڈاکٹر سلمان طاہر، ڈاکٹر محمد ادریس، ڈاکٹر محمد افضال، ڈاکٹر یاسر ایاز، اور ڈاکٹر محمد عبدالقدیر شامل ہیں۔ چیرمین ایچ ای سی کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز 26 اور 27 نومبر کو وفاقی وزارت تعلیم اسلام آباد کے دفتر میں ہوں گے۔
اہم خبریں سے مزید