• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی ایل او کنونشن 190 کی توثیق، خواتین کیخلاف ہراسانی ختم کی جائے، سول سوسائٹی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سول سوسائٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے متعلق معروف خواتین مہناز رحمٰن، ڈاکٹر لبنیٰ ناز، زہرا خان، نرگس رحمٰن، ڈاکٹر مومل، اقصیٰ کنول، میمن انساءسائرہ فیروز اور پروین بانو نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان آئی ایل او کنونشن 190کی توثیق کرے، کام کی جگہوں پر خواتین کے خلاف ہراسانی ختم کی جائے اور انہیں بااختیار بنایا جائے، مزدور عورت کے لیے مناسب اجرت اور تنظیم سازی کے حقوق کا احترام کیا جائے، وہ منگل کو یہاں کراچی پریس کلب میں خواتین کے خلاف ’’ہراسانی کے خاتمے کے عالمی دن‘‘ پر سیمینار سے خطاب کررہی تھیں،انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام شعبوں بشمول کھیت اور غیر رسمی شعبے میں ہراسانی مخالف قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے، خواتین خصوصاً مزدور خواتین کے لیے آسان، محفوظ اور بے خوف شکایات درج کروانے کا نظام قائم ، موجودہ قوانین پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، خواتین مزدوروں کو سماجی تحفظ کے اداروں سے رجسٹر ، آزادی اظہار سمیت تمام جمہوری آزادیوں کو بحال کیا جائے اور پیکا جیسا کالا قانون واپس لیا جائے، کم عمری کی شادی کو سندھ کی طرح تمام صوبوں میں غیرقانونی قرار دیا جائے۔ سیمینار میں ڈومینیکن ریپبلک کی ’’بٹر فلائی سسٹرز‘‘ کے لقب سے مشہور ان 3بہادر بہنوں پیٹریا، منروا اور ماریا میرابل کی آمریت کے خلاف جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جن کی یاد میں یہ دن ہر سال ساری دنیا میں منایا جاتا ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید