کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر کے اہم ٹریفک چوراہوں کی اپ گریڈیشن اور جدید ٹریفک سگنلز کی تنصیب کے لیے این او سی جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وہ منگل کو یہاں صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ہوئے اجلاس کی صدارت کررہے تھے، جس میں کے ایم سی کے متعلقہ افسر، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی منیجنگ ڈائریکٹر کنول نظام بھٹو، یلو لائن بی آر ٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسر وں نے شرکت کی، میئر کراچی نے کے ایم سی افسران کو ہدایت کی کہ 4بڑے چوراہوں کی اپ گریڈیشن کے لیے این او سی جاری کیا جائے جن میں عید گاہ ناظم آباد، لیاقت آباد نمبر 10، نشتر روڈ (گارڈن) اور آرٹس کونسل شامل ہیں، میئر نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ اور ایس ایم ٹی اے کی جانب سے جدید ٹریفک سگنلز کی تنصیب ایک سال کے اندر مکمل کی جائے، انہوں نے منصوبوں کی موثر تکمیل کے لیے کے ایم سی کی سڑکوں پر تجاوزات کے خاتمے میں مکمل تعاون پر بھی زور دیا،ایس ایم ٹی اے کی جانب سے پیپلز بس سروس کے روٹس پر بس لی بیز قائم کرنے کی درخواست پر کے ایم سی نے مختلف روٹس پر متعدد لی بیز کے لیے این او سی جاری کرنے پر اتفاق کیا، جن میں کھوکھراپار تا ٹاور،نارتھ کراچی تا کورنگی کراسنگ،نارتھ کراچی تا ناصر جمپ بذریعہ سوک سینٹر، کارساز اور ایف ٹی سی،نارتھ کراچی تا کیماڑی بذریعہ یو پی موڑشامل ہیں۔