لاہور ( جنرل رپورٹر ) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سیکرٹریز کانفرنس کا انعقاد منگل کے روز سول سیکرٹریٹ میں ہوا جس میں محکموں کے انتظامی امور، ای بز پورٹل،ای فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم (ای فاس)، پبلک سیکٹر کمپنیز اور اتھارٹیز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے تمام سرکاری محکموں اوردفاتر کو ای بز پورٹل پر موصول درخواستوں کو مقررہ وقت میں نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گھر بیٹھے خدمات تک آسان رسائی کیلئے ای بز پورٹل کا آغاز پنجاب حکومت کا انقلابی اقدام ہے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ کہ پیپرلیس ورکنگ سے کام کے طریقہ کار میں جدت اور شفافیت آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای فاس سے کام کی رفتار تیز اور روائتی فائل سسٹم کا خاتمہ ممکن ہوا ہے۔