لاہور ( جنرل رپورٹر ) پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا ہے کہ لاہور جنرل ہسپتال میں موٹاپے کے جدید سرجیکل علاج، خصوصاً بارئیٹرک اور لیپروسکوپک سرجری کی عالمی معیار کی سہولیات دستیاب ہیں، جن سے مریض مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات جنرل ہسپتال میڈیکل یونٹ تھری کے زیر اہتمام موٹاپا اور شوگر کے مرض کی روک تھام و علاج کے موضوع پر منعقدہ آگاہی سمپوزیم سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ تیزی سے بڑھتا ہوا موٹاپا نہ صرف شوگر بلکہ متعدد پیچیدہ امراض کی بنیادی وجہ بن رہا ہے، جس کا مقابلہ صرف عوامی آگاہی، صحت مند طرزِ زندگی اور جدید میڈیکل سہولیات کے ذریعے ممکن ہے۔ سمپوزیم سے پروفیسر خدیجہ عرفان خواجہ؛ پروفیسر عمران حسن خان؛پروفیسر خرم سلیم؛ڈاکٹر فروا منیر نے بھی خطاب کیا۔